پاکستان کے معدنی شعبے سے بڑی خبر سامنے آگئی، ماری انرجیز نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں تانبے اور سونے کی اہم معدنی دریافت کا اعلان کر دیا ہے۔
کمپنی کی ذیلی کمپنی ماری منرلز نے چاغی کے علاقے ایسٹ سیاح دِق (ESD-1) میں تانبے اور سونے کے معدنی ذخائر کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھی باضابطہ آگاہ کر دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق دریافت کا مقام عالمی شہرت یافتہ ریکوڈک تانبے اور سونے کی کان سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں جبکہ نوکنڈی سے تقریباً 25 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع ہے۔
ماری منرلز اب تک دریافت کے مقام پر مجموعی طور پر 25 ہزار میٹر ڈرلنگ مکمل کر چکی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق تانبے اور سونے کی معدنیات تقریباً 1.4 مربع کلومیٹر کے رقبے میں پھیلی ہوئی ہیں۔
ڈرلنگ کے بعض مقامات پر تانبے کی مقدار 0.50 فیصد تک ریکارڈ کی گئی، جبکہ بعض نمونوں میں سونے کی مقدار 0.14 گرام فی ٹن تک سامنے آئی ہے۔
ماری انرجیز کے مطابق معدنیات 500 میٹر سے زیادہ گہرائی تک موجود ہو سکتی ہیں۔ منصوبے کے اگلے مرحلے میں ماری منرلز ایک ہزار میٹر گہرائی تک مزید ڈرلنگ کرے گی تاکہ معدنی ذخائر کی وسعت اور نوعیت کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے۔
کمپنی کے مطابق منصوبے کے فیز ون بی کے تحت کی جانے والی ڈرلنگ کے نمونوں کی جانچ جاری ہے، جن کے نتائج 2027 کی پہلی سہ ماہی میں متوقع ہیں۔
ماری انرجیز کا کہنا ہے کہ دریافت کی مکمل معاشی اہمیت، معدنی وسائل کی مقدار اور ممکنہ تجارتی افادیت کا تعین مزید تحقیقات اور ڈرلنگ کے بعد کیا جائے گا۔ کمپنی مستقبل میں معدنی وسائل کے تخمینے کے لیے بھی کام کرے گی۔
بلوچستان کے معدنی وسائل کے حوالے سے یہ پیش رفت اہم سمجھی جا رہی ہے، تاہم دریافت کی اصل معاشی اہمیت کا تعین حتمی معدنی وسائل اور قابلِ استخراج ذخائر کے تخمینے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
