Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خراب روشنی کے باعث راولپنڈی ٹیسٹ کا چوتھا روز قبل از وقت ختم، پاکستان کو 45 رنز کی برتری

پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی

راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرنے کی کوششیں تیز کردیں، تاہم خراب روشنی کے باعث چوتھے روز کا کھیل مقررہ وقت سے پہلے ختم کرنا پڑا۔

کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 57 رنز بنالیے تھے اور اسے مجموعی طور پر 45 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔ محمد طحہٰ 24 اور اذان اویس 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ طیب عارف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

چوتھے روز پاکستان کے لیے ثاقب خان کی بولنگ سب سے نمایاں رہی، جنہوں نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے ڈیبیو ٹیسٹ کی ایک اننگز میں 7 وکٹیں حاصل کرلیں۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی بولر بن گئے۔

سری لنکا نے دن کا آغاز 4 وکٹوں پر 404 رنز سے کیا، لیکن ثاقب خان نے پہلے ہی اوور میں گزشتہ روز کے سنچری میکر دھننجیا ڈی سلوا کو 167 رنز پر چلتا کردیا۔ دھننجیا نے کپتان کوشال مینڈس کے ساتھ 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی تھی۔

کوشال مینڈس بھی 117 رنز کے گزشتہ روز کے اسکور میں صرف دو رنز کا اضافہ کرسکے اور ثاقب خان کا شکار بن گئے۔ پاکستانی بولر نے بعد ازاں سونل دینوشا، لاہیرو کمارا اور اسیتھا فرنانڈو کو بھی پویلین بھیج کر اپنی وکٹوں کی تعداد 7 تک پہنچادی۔

سری لنکن ٹیم پہلی اننگز میں 446 رنز بناکر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کے خلاف 12 رنز کی معمولی برتری حاصل کرسکی۔ محمد عباس نے دو جبکہ رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز 434 رنز 9 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل 93، طیب عارف 57، عرفات منہاس 52، محمد طحہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز بناکر نمایاں رہے۔

اب میچ کے آخری روز پاکستان کی کوشش ہوگی کہ برتری میں مزید اضافہ کرکے سری لنکا کے لیے مشکل ہدف مقرر کیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version