Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسحاق ڈار کا ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان

‘پاکستان کی ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحات پر کام کیا جائے گا’

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پاکستان کی ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحی شعبوں پر توجہ مرکوز کرنے کا اعلان کردیا۔

ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اور عوام کی جانب سے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان ای سی او چارٹر کے مقاصد کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں غیریقینی صورتحال اور بدلتی ٹیکنالوجی کے پیش نظرعلاقائی روابط مستحکم بنانا ہوں گے، درپیش چیلنجز کا مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان تجارت، سرمایہ کاری اور تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ روابط کا فروغ چاہتا ہے، پاکستان رکن ممالک کے ساتھ تعاون کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے میں معاشی استحکام کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے، باہمی تعاون سے خطے میں ترقی  کی نئی راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا بتایا کہ پاکستان کی ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحات پر کام کیا جائے گا، پہلی ترجیح تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے، علاقائی منڈیوں تک رسائی، ویلیو چینز کے استحکام اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حمایت کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ دوسری ترجیح علاقائی روابط کا فروغ ہے، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کے ساحل پر پاکستان کی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا ہے، نومبر 2025 میں ای سی او وزرائے تجارت کی منظور کردہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ تجارتی معاہدے کو جدید بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، پاکستان مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام کے لیے رکن ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں کی حمایت کرے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ چوتھی ترجیح علاقائی سطح پر قدرتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانا ہے، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا دباؤ ہماری معیشتوں اور معاش پر سنگین اثرات مرتب کر رہا ہے، آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی انتباہی نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے انفرااسٹرکچر میں تعاون ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پانچویں ترجیح عوام اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ہے، خطے کی نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے، تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت کے بہتر مواقع نوجوانوں کو بدلتی معیشتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کر سکتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ ای سی او کی پانچوں ترجیحات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، مضبوط علاقائی روابط تجارت کو فروغ دیتے ہیں، ان ترجیحات کی کامیابی کا انحصار مشترکہ طور پر مؤثر انداز میں اہداف کے حصول پر ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version