پاکستان نے 2027-2026 کے لیے تنظیم کی چیئرمین شپ سنبھال لی ہے جس کا موضوع ’’علاقائی تعاون کی بحالی، مستحکم اقتصادی تعاون‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے 30ویں وزارتی اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں تحمل، مکالمے اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ علاقائی تعاون کو مضبوط بنانے اور جامع اقتصادی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
اجلاس میں علاقائی تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ تجارتی زونز کے قیام کی تجویز کی حمایت کی گئی، جبکہ رکن ممالک پر تجارتی سہولت کاری کے معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا گیا۔ توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور خطے میں بجلی کی مشترکہ منڈی قائم کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے میں آذربائیجان کے شہر باکو میں ای سی او کلین انرجی سینٹر کے فعال ہونے کا خیرمقدم کیا گیا جبکہ معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کے لیے 2026 سے 2030 تک پانچ سالہ روڈ میپ بھی منظور کیا گیا۔ اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں علاقائی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔
رکن ممالک نے خطے کے موجودہ جیوپولیٹیکل ماحول پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور سفارتی کوششوں کی حمایت کی۔ اعلامیے میں بانی رکن ملک ایران کی تنظیم کی ترقی کے لیے خدمات کا اعتراف بھی کیا گیا۔
ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا گیا جبکہ پاکستان اور قطر کی جانب سے ثالثی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کا اظہار کیا گیا۔ اسلام آباد امن مذاکرات اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں پاکستان کے کردار کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔
اعلامیے میں غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خوراک، ادویات، ایندھن اور سردیوں سے بچاؤ کے سامان کی فوری فراہمی کا مطالبہ کیا گیا۔ رکن ممالک نے غزہ میں جبری بے دخلی اور شہریوں کو خوراک سے محروم رکھنے کی پالیسیوں کے خاتمے پر بھی زور دیا۔
اجلاس میں اقتصادی تعاون تنظیم کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کا خیرمقدم کیا گیا اور تنظیم کے تمام اعلیٰ سطح کے اجلاس بروقت منعقد کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ ازبکستان کی جانب سے عالمی امن کے لیے ’’ورلڈ یوتھ موومنٹ‘‘ کے قیام کے اقدام کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
اعلامیے میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی بہترین میزبانی پر پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جبکہ سیکریٹری جنرل اور سیکریٹریٹ کی کامیاب اجلاس کے انعقاد کے لیے کوششوں کو بھی سراہا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اقتصادی تعاون تنظیم کا 18واں سربراہی اجلاس تہران میں منعقد ہوگا، جس کے لیے رکن ممالک کو اعلیٰ سطح پر شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
