نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ترکمانی وزیر خارجہ رشید میریدوف کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے قبل ہوئی۔
وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔
ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ رشید اووزگلدیویچ میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔
