فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملائیشیا کا دورہ کیا ہے جس کا مقصد پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور ابراہیم سے پتراجایا میں اہم ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات، دفاعی و سیکیورٹی تعاون اور ابھرتی ہوئی علاقائی و عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو، علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کی دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد اور تعاون کو سراہا۔
دوران ملاقات ملائیشین وزیراعظم نے بالخصوص دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
دوسری جانب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوب مشرقی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ میں ملائیشیا کے تعمیری کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کی مسلح افواج کے دفاعی تعاون اور ادارہ جاتی روابط کو مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین نے اعلیٰ سطح تبادلوں، عسکری تعاون میں اضافے اور علاقائی و عالمی سیکیورٹی امور پر مسلسل مکالمے کے ذریعے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوالالمپور میں ملائیشیا کی وزارت دفاع کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ملائیشیا کے چیف آف ڈیفنس فورس جنرل تان سری حاجی مالک رزاق سلیمان اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی موجود تھے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملائیشیا کے وزیر دفاع داتو سری محمد خالد بن نوردین سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان عسکری روابط مضبوط بنانے اور اشتراکِ عمل کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ملائیشیا کے نیشنل ڈیفنس اسٹڈیز سینٹر کا بھی دورہ کریں گے جہاں با ہال آف فیم کے 21ویں رکن کے طور پر شامل کیا جائے گا۔