Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم اپنا گھر پروگرام: 6 ماہ میں 112 ارب روپے کے قرضے تقسیم کا سنگ میل عبور

وفاق اور صوبوں کو مل کر دن رات کام کرنا ہوگا کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ساڑھے 6 ماہ میں 18 ہزار 500 گھروں کی تعمیر کے لیے 112 ارب روپے کے قرضے تقسیم کیے جا چکے ہیں، جبکہ 500 ارب روپے کے قرضوں کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔ اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت 100 ارب روپے سے زائد کے قرضوں کی فراہمی کا سنگ میل عبور کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشی کا دن ہے۔ جن خاندانوں کو عزت اور وقار کے ساتھ اپنا گھر ملا ہے، انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم شروع کی گئی تھی، جس کے تحت پہلے آشیانہ قائد اور پھر آشیانہ اقبال سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی منصوبے شروع کیے گئے۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات ناگزیر ہیں اور ملک میں تمام شہریوں کو برابر کے حقوق ملنے چاہئیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بینکوں کے ذریعے قرضوں کی فراہمی انتہائی قابل تحسین اقدام ہے۔ اس پورے عمل میں نہ کرپشن ہوئی اور نہ ہی اقربا پروری، جو ایک بڑی کامیابی ہے۔ کسی بھی شہری سے قرضے کی درخواست کے دوران اس کی سیاسی جماعت نہیں پوچھی گئی، یہی شفافیت اور میرٹ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر کسی مخالف سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والا شخص بھی میرٹ پر قرضے کا اہل ہے تو اسے ضرور قرض ملنا چاہیے۔ بینک قرضوں کی منظوری میں تیزی لائیں اور اس عمل کو آسان بنائیں۔ قرضوں کی منظوری میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے واضح کیا کہ اپنا گھر، اپنا آشیانہ پروگرام کے تحت گھروں کی تعداد کی کوئی حد مقرر نہیں، ایک لاکھ، دو لاکھ یا پانچ لاکھ گھروں کی کوئی پابندی نہیں، غریب اور مستحق خاندانوں کے لیے جتنے گھر بنانے پڑے بنائیں گے کیونکہ یہ وسائل قوم کے ہیں اور ان پر حق بھی مستحق افراد کا ہے۔

شہباز شریف نے پروگرام میں حصہ لینے والے پانچ بینکوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ ان بینکوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں۔ بینکوں کے مالکان اور چیف ایگزیکٹو افسران خود فیصلہ کریں کہ یہ پاسپورٹ کون وصول کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پانچوں بینک اس پروگرام کے لیے ایمبیسڈرز ایٹ لارج ہوں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وفاق اور صوبوں کو مل کر دن رات کام کرنا ہوگا کیونکہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ پروگرام کی راہ میں حائل رکاوٹیں مل بیٹھ کر دور کی جائیں گی۔

انہوں نے آباد، اسٹیٹ بینک، حکومت اور بلڈرز کو ایک جگہ بٹھا کر فوری اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزارت ہاؤسنگ کے سیکریٹری کو بھی اجلاس میں بلایا جائے اور سہ فریقی معاہدے کا جائزہ لے کر اسے عملی شکل دی جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگلے چھ ماہ میں ایک ہزار ارب روپے کے قرضوں کی ادائیگی کا ہدف حاصل کرنے کے بعد دوبارہ تقریب منعقد کی جائے گی تاکہ پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version