Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

محمد حفیظ کا رضوان کو ٹیسٹ کرکٹ سے وقفے کا مشورہ

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے وکٹ کیپر و بیٹر رضوان کو ٹیسٹ کرکٹ سے وقفے لینے کا مشورہ دے دیا ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر محمد حفیظ کا وکٹ کیپر و بیٹر محمد رضوان کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں ٹیسٹ کرکٹ سے وقفہ لینے کی ضرورت پڑسکتی ہے جب کہ انہوں نے کپتان بابر اعظم پر زور دیا ہے کہ وہ اس آپشن پر غور کریں۔

محمد رضوان جو ٹیسٹ کرکٹ میں جدوجہد کرتے دکھائی دے رہے ہیں، انہوں نے گزشتہ سال 2022 میں 8 ٹیسٹ میچز کھیلے جس میں 30.84 کی اوسط سے صرف 401 رنز اسکور کیے۔

محمد حفیظ نے بابر اعظم کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سرفراز احمد کو بطور وکٹ کیپر و بیٹر منتخب کرنے پر غور کریں۔

انہوں نے کہا کہ ’میں اب بھی سوچتا ہوں کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تھنک ٹینک اور بابر اعظم کو بھی سوچنا چاہیے کہ اگر رضوان اس فارمیٹ میں اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہے تو انہیں وقفہ دینا چاہیے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ رضوان کی جگہ ٹیم میں سرفراز احمد یا ان کے پاس موجود کوئی اور آپشن بھی استعمال کیا جانا چاہیے۔

واضح رہے کہ سابق کپتان سرفراز احمد کو نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں کھیلنے کا موقع دیا گیا جس میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ دکھاتے ہوئے 83.75 کی اوسط سے 335 رنز بنائے تھے جس میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں شامل تھیں۔

سرفراز احمد اب پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کریں گے جب کہ بابر اعظم پشاور زلمی اور محمد رضوان ملتان سلطانز کی قیادت کریں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version