Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرفراز سری لنکا کے خلاف سیریز میں بطور وکٹ کیپر پہلی چوائس ہیں، بابر اعظم

بابر اعظم نے انکشاف کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر پہلی چوائس ہوں گے۔

جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران بابر اعظم سے سوال کیا گیا کہ کیا سرفراز احمد سیریز میں مکمل طور پر بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔

صحافی کے سوال کے جواب میں بابر اعظم نے خود سوال کردیا اور کہا کہ ’’کیا آپ کو لگتا ہے کہ وہ صرف بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں؟‘‘

اس کے بعد انہوں نے سرفراز احمد کی صلاحیتوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سابق کپتان نے پچھلی سیریز میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔

بابر اعظم نے کہا کہ ’’سرفراز بھائی نے پچھلی سیریز میں بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ وہ وکٹ کیپر کے طور پر میری پہلی پسند ہوں گے۔ تاہم ہم وہاں پہنچ کر اور کمبی نیشن کو دیکھنے کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے۔ ہم بہترین ممکنہ ٹیم کا انتخاب کریں گے‘‘۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی آخری ٹیسٹ سیریز کے دوران سرفراز احمد نے پاکستان کے ٹیسٹ نائب کپتان محمد رضوان کی جگہ لی تھی اور اپنی بیٹنگ کی مہارت کا مظاہرہ کیا تھا۔

سرفراز احمد نے 83.75 کی اوسط سے 335 رنز اسکور کیے تھے جس کے بعد وہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے تھے جب کہ انہیں پلیئر آف دی سیریز کے خطاب سے بھی نوازا گیا تھا۔

خیال رہے کہ رضوان کی جگہ سرفراز کو لانے کا فیصلہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے دوران رضوان کی خراب فارم کی وجہ سے کیا گیا تھا۔

محمد رضوان نے پچھلی چھ اننگز میں 23.50 کی اوسط سے 141 رنز بنائے تھے جب کہ وہ ایک بھی نصف سنچری اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version