Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قائداعظم ٹرافی؛ لاہور وائٹس کے سعد نسیم کی سنچری، فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ کی 8 وکٹیں

قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے دن کے کھیل میں لاہور وائٹس کے سعد نسیم کی ناقابل شکست سنچری اور فیصل آباد کے احمد صفی عبداللہ کی 8 وکٹوں کی شاندار کارکردگی۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی اور فاٹا کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے دن  فاٹا نے پانچ وکٹوں پر196 رنز پر پہلی اننگز شروع کی اور پوری ٹیم  318 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

محمد سرور نے آٹھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے، اس سے قبل پہلے روز محمد عثمان 99 اور خوشدل شاہ 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تھے۔ بلاول بھٹی نے89 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

کھیل ختم ہونے پر راولپنڈی نے پہلی اننگز میں 129 رنز بنائے تھے اور اس کی 8 وکٹیں گرچکی تھیں۔ ثمین گل نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 41 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔

ایبٹ آباد میں پشاور ریجن اور کراچی ریجن کے میچ کے دوسرے دن کراچی ریجن کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 332 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

کپتان سرفراز احمد جو گزشتہ روز28 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے، پانچ چوکوں کی مدد سے 66 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پہلے دن خرم منظور نے87 اور اسد شفیق نے70 رنز بنائے تھے۔

پشاور کی طرف سے محمد الیاس نے 85 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے دن کھیل ختم ہونے پر پشاور ریجن نے پہلی اننگز میں 231 رنز بنائے تھے اور اس کے پانچ کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔

صاحبزادہ فرحان نے بارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 85 رنز اسکور کیے۔ اسرار اللہ نے 59 رنز بنائے۔ ان دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 127 رنز کا اضافہ کیا۔

لاہور وائٹس اور لاہور بلوز کے درمیان قذافی اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے دوسرے دن  لاہور بلوز کی ٹیم 248 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جس میں حسین طلعت اور جنید علی کی نصف سنچریاں شامل تھیں۔

احمد بشیر نے چار اور عامر جمال نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں لاہور وائٹس نے کھیل کے اختتام پر سات وکٹوں پر254 رنز بنائے تھے۔

سعد نسیم نے دس چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ ہیں۔

شعیب اختر اسٹیڈیم راولپنڈی میں ملتان ریجن اور فیصل آباد ریجن کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے دوسرے دن ملتان کی ٹیم پہلی اننگز میں 233 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

زین عباس 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ فیصل آباد کی طرف سے سلو لیفٹ آرم اسپنر احمد صفی عبداللہ نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 62 رنز دے کر8 وکٹیں حاصل کیں۔

فیصل آباد ریجن نے کھیل کے اختتام پر178 رنز بنائے تھے اور اس کے 5 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ آصف علی بارہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 62 رنز بناکر ناٹ آؤٹ تھے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں

Exit mobile version