بھارت نے آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کے نویں میچ میں افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔
بھارتی شہر دہلی میں آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کا نواں میچ بھارت اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں بھارت نے کامیابی اپنے نام کی۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارت نے افغانستان کی جانب سے دیا گیا 273 رنز کا ہدف 35 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرکے ورلڈکپ میں دوسری فتح حاصل کرلی ہے۔
اوپنرز روہت شرما اور ایشان کشن نے ٹیم کو 156 رنز کی اوپننگ پارٹنر شپ فراہم کی۔ ایشان کشن 47 اور روہت شرما 131 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
ویرات کوہلی 55 اور شریس ائیر 25 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان کی جانب سے دونوں وکٹیں راشد خان نے حاصل کیں۔
افغانستان کی بیٹنگ
افغانستان کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 272 رنز بنائے۔
رحمت اللہ گرباز اور ابراہیم زردان ٹیم کو اچھا آغاز فراہم نہ کرسکے اور پہلی وکٹ 32 رنز کے مجموعی اسکور پر گری جب ابراہیم زردان 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد دوسرے اوپنر رحمت اللہ گرباز بھی 21 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے رحمت شاہ صرف 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے تاہم کپتان حشمت اللہ شہیدی اور عظمت اللہ اومرزائی کے درمیان 121 رنز کی شراکت قائم ہوئی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں بھی مکمل کیں۔
عظمت اللہ کے 62 اور حمشت اللہ کے 80 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی افغان بلے باز وکٹ پر نہیں ٹہرسکا۔ محمد نبی 19، نجیب اللہ زردان 2 اور راشد خان 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
بھارت کی جانب سے جسپرت بمرا نے 4، ہاردک پانڈیا 2، کلدیب یادیو اور شاردل ٹھاکر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
