Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چیف سلیکٹر وہاب ریاض جائزہ لینے راولپنڈی کیمپ پہنچ گئے

پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر وہاب ریاض جائزہ لینے راولپنڈی کیمپ پہنچ گئے ہیں۔

چیف سلیکٹر وہاب ریاض نے پنڈٰی کرکٹ اسٹیڈیم پہنچ کر کیمپ کا جائزہ لیا اور ٹیم مینجر نوید اکرم چیمہ سے ملاقات کی۔

علاوہ ازیں وہاب ریاض نے کپتان شان مسعود، شاہین شاہ آفریدی اور محمد حفیظ سے بھی ملاقات کی جب کہ شاداب خان سے تفصیلی ملاقات کی گئی۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف 14 دسمبر 2023 سے شروع ہونے والی تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم نے جمعرات کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اپنا تربیتی کیمپ شروع کردیا ہے۔

تربیتی کیمپ کے پہلے دن پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کئی قابل ذکر لمحات دیکھنے کو ملے جب کہ سابق کپتان بابر اعظم سمیت کھلاڑی خوشگوار مونڈ میں نظر آئے۔

کھلاڑیوں نے نیٹ پریکٹس سیشن میں بھرپور پریکٹس کی جب کہ ساتھ ہی دیگر سرگرمیاں میں بھی حصہ لیا۔

ٹریننگ سیشن کے بعد پاکستان کے فاسٹ بولنگ کوچ عمر گل نے میڈیا سے گفتگو کی جس میں انہوں نے دورہ آسٹریلیا کے لیے اپنی تیاریوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا ’’آج ہماری ٹریننگ کا پہلا دن تھا، آسٹریلوی کنڈیشنز اور پچز کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنی تیاری کررہے ہیں، ہماری ٹیم مینجمنٹ اور گراؤنڈز مین نے خاص طور پر وہاں کے حالات اور ضروریات کے مطابق یہاں پچز تیار کی ہیں‘‘۔

یاد رہے کہ دورہ آسٹریلیا کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم 30 نومبر کو لاہور سے روانہ ہوگی جب کہ پہلا ٹیسٹ سیریز سے قبل قومی ٹیم کا پریکٹس میچ پرائم منسٹر الیون سے ہوگا۔

آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 14 دسمبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ 26 سے 30 دسمبر تک میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں ہوگا اور تیسرا و آخری ٹیسٹ 3 جنوری 2024 کو سڈنی میں شیڈول ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version