سابق بھارتی فاسٹ بولر سری سانتھ کے خلاف لاکھوں روپے کی دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے سابق فاسٹ بولر سری سانتھ کے خلاف کیرالہ کے رہائشی ساریگ بالا گوپالن نے لاکھوں روپے کی دھوکا دہی کا مقدمہ درج کروادیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مقدمے میں سری سانتھ کے ساتھ مزید دو افراد کو بھی نامزد کیا گیا ہے جب کہ شہری نے اپنی درخواست میں لکھا ’’سری سانتھ سمیت دو افراد نے اسپورٹس اکیڈمی میں شراکت دار بنانے کے وعدے پر ان سے رقم بٹوری ہے‘‘۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’’متاثرہ شخص کا دعویٰ ہے کہ شہری راجیو کمار اور وینکٹیش کنی نے ریزورٹ تعمیر کرنے کے لیے ان سے 18 لاکھ روپے لیے اور ان سے کہا گیا تھا کہ اسپورٹس اکیڈمی میں بھی انہیں شراکت داری دی جائے گی‘‘۔
بھارتی میڈٰیا کا کہنا ہے کہ یہ پروجیکٹ سری سانتھ کے ذریعے شروع ہونا تھا لیکن نہ تو اسپورٹس عمارت کی تعمیر شروع ہوئی اور نہ ہی انہیں رقم واپس دی گئی۔
واضح رہے کہ مجسٹریٹ عدالت نے مقدمہ درج ہونے پر الزامات کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
