پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 9 سے قبل پشاور میں پشاور زلمی اور ایک اور فرنچائز کے درمیان نمائشی میچ کروانے کا امکان ہے۔
پی سی بی نے پی ایس ایل 9 کے میچز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم سیزن کے آغاز سے قبل ایک نمائشی میچ پشاور میں کروانے کا امکان ہے۔
پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کی مسلسل اپیلوں کے باوجود بھی پشاور نے ابھی تک پی ایس ایل میچز کی میزبانی حاصل نہیں کی ہے۔
پی ایس ایل میزبانوں کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے گذشتہ دو سالوں کے دوران پشاور کے ارباب نیاز اسٹیڈیم کی وسیع پیمانے پر تزئین و آرائش بھی کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے اس حوالے سے پی سی بی سے رابطہ بھی کیا ہے جس کے بعد پی سی بی کے ایک وفد نے محکمہ کھیل کے نمائندوں کے ساتھ پشاور کا دورہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق پی سی بی کو اجازت دینے سے قبل پچز اور سہولیات کو دیکھنا ضروری ہے جب کہ مذاکراتی عمل کو تیز کرنے کے لیے ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے جو آئندہ اتوار تک قواعد و ضوابط وضع کرے گی۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کے گذشتہ سیزن سے قبل کوئٹہ کے بگٹی اسٹیڈیم میں ایک نمائشی میچ کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔
