مونگ کوک: ہانگ کانگ ورلڈ سپر سکسز ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم ابتدائی اوور میں ہی دو بلے باز پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق کے علاوہ کوئی بلے باز بیٹرسری لنکن بالرز کا مقابلہ نہ کرسکا، انہوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ دیگر بیٹس مین میں کپتان فہیم اشرف 13، عامر یامین 6، آصف علی صفر جبکہ حسین طلعت ایک رن بنا سکے۔
گرین شرٹس کی پوری ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 72 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، سری لنکا کی جانب سے دھننجایا لکشن اور تھرندو رتھنائیکے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے بیٹنگ کا آغاز محتاط انداز میں کیا، تاہم انہوں نے 73 رنز کا ہدف ایک اوور قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے سندون ویراکوڈی 34، دھننجایا لکشن 2، کپتان لہورو مدھوشانکا 19 رنزبنائیں، جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
