راولپنڈی: پی ایس ایل 10 کے دوسرے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دے دی۔
پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کا دوسرا میچ راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جس میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپنرز نے اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا جب کہ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 216 رنز بنائے۔
کپتان سعود شکیل نمایاں بلے باز رہے جو 59 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ فن ایلن نے جارحانہ 25 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی، حسن نواز 41 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
رلی روسو 21 اور کوسل مینڈس نے 35 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی جب کہ پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا، الزرری جوزف اور صفیان مقیم نے 1،1 وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 15.1 اوورز میں 136 رنز پر ڈھیر ہوگئی، صائم ایوب نے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے جب کہ بابر اعظم صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
علاوہ ازیں حسین طلعت 35، مچل اوون 31، محمد حارث 13 اور صفیان مقیم نے 1 رن کی اننگز کھیلی جب کہ ٹام کوہلر کیڈمور، میکس بریانٹ ، الزرری جوزف اور محمد علی صفر پر ہی آؤٹ ہوگئے۔
کوئٹہ کی جانب سے ابرار احمد نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا، محمد عامر اور عثمان طارق کے حصے میں دو دو وکٹیں آئیں جب کہ کائیل جیمی سن ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلیئنگ الیون
سعود شکیل (کپتان)، فن ایلن، حسن نواز، کوسل مینڈس (وکٹ کیپر)، رلی روسو، شعیب ملک، فہیم اشرف، کائیل جیمی سن، محمد عامر، ابرار احمد اور عثمان طارق۔
پشاور زلمی پلیئنگ الیون
بابر اعظم (کپتان)، صائم ایوب، محمد حارث (وکٹ کیپر)، ٹام کوہلر کیڈمور، حسین طلعت، میکس بریانٹ، مچل اوون، الززرری جوزف، محمد علی، صفیان مقیم اور علی رضا۔


















