پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز میزبان ٹیم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 4 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنز بنا لیے۔
دن کے اختتام تک بنگلادیشی بیٹرز مکمل طور پر حاوی دکھائی دیے جبکہ پاکستانی باؤلرز بڑی شراکتیں توڑنے میں مشکلات کا شکار رہے۔
بنگلادیش کے کپتان نجم الحسین شانتو نے ذمہ دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 130 گیندوں پر 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنائی۔ ان کا بھرپور ساتھ مومن الحق نے دیا، جنہوں نے 91 رنز اسکور کرکے پاکستانی باؤلرز کی آزمائش جاری رکھی۔
دوسری جانب تجربہ کار مشفق الرحیم 48 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور دوسرے دن اپنی ٹیم کا اسکور مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہوں گے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور نعمان علی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ بابر اعظم گھٹنے کی انجری کے باعث اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہیں، جس کا اثر بیٹنگ لائن پر واضح محسوس کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی طرف سے آذان اویس اور عبداللّٰہ فضل آج ٹیسٹ ڈیبیو کر رہے ہیں اذان اویس کو محمد رضوان جبکہ عبداللہ فضل کو شان مسعود نے ٹیسٹ کیپ دی۔
پہلے ٹیسٹ میچ میں اذان اویس اور امام الحق اوپننگ کریں گے جبکہ ان کے بعد عبد اللہ فضل کو بیٹنگ آرڈر میں شامل کیا گیا ہے۔
ان کے بعد شان مسعود، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، شاہین آفریدی، نعمان علی، حسن علی اور محمد عباس کو سکواڈ میں شامل گیا ہے۔
ادھر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ڈھاکا ایک روزہ دورے پر پہنچ گئے ہیں جہاں ایئر پورٹ پر بنگلہ دیش کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم صائم، سیکرٹری داخلہ ابو نعیم اور چیف ایگزیکٹو آفیسر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ناظم الدین نے خیر مقدم کیا۔
محسن نقوی اپنے دورے کے دوران میچ دیکھیں گے اور اہم ملاقاتیں بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بابراعظم انجری کے باعث شرکت نہیں کر پائیں گے، دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں کھیلا جائے گا۔
