Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز بنگلا دیش اے کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان شاہینز کی جانب سے حسن نواز نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی

پاکستان شاہینز نے رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔

دوحا میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں بنگلا دیش اے کی جانب سے دیا گیا 233 رنز کا ہدف پاکستان شاہینز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 46ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے حسن نواز نے 62 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ شاہ زیب خان 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، کپتان عبدالصمد نے 44 رنز بنائے جبکہ فرحان یوسف 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔

اس سے قبل بنگلا دیش اے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے تھے، بنگلا دیش کی جانب سے شہادت حسین 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے۔

مہدی الاسلام انکن نے 42، ایس ایم مہراب نے 28 اور رِپون مونڈول نے ناقابل شکست 19 رنز بنائے، جبکہ رکیب الحسن 10 اور محمود الحسن جوائے 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عفیف حسین 5، کپتان سیف حسن 2 رنز بنا سکے جبکہ صابر رحمان اور ایم ڈی ربیل کھاتہ کھولنے میں ناکام رہے۔

پاکستان شاہینز کی جانب سے سفیان مقیم نے 3 وکٹیں حاصل کیں، علی رضا اور حسن نواز نے 2، 2 جبکہ احمد دانیال نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان شاہینز نے کامیابی کے ساتھ رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی، جہاں ٹائٹل کے حصول کے لیے اس کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version