عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے سائبر حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ غیر مجاز افراد نے ادارے کی محدود ذاتی اور کاروباری معلومات تک رسائی حاصل کی ہے۔
فیفا کے مطابق سائبر حملے کا انکشاف جمعرات 26 نومبر کو ہوا تاہم ادارے کی جانب سے تاحال یہ تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں کہ حملہ کب کیا گیا اور کتنے افراد کا ڈیٹا متاثر ہوا۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سائبر حملے میں فیفا کے مجموعی ڈیٹا کا 0.1 فیصد سے بھی کم حصہ متاثر ہوا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے فیفا کے سافٹ ویئر میں کسی تکنیکی خامی کا فائدہ اٹھانے کے بجائے ادارے کے ملازمین کا روپ دھار کر سسٹم تک رسائی حاصل کی۔
دوسری جانب ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب نامی ہیکرز گروپ نے سوشل میڈیا پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے گزشتہ ہفتے فیفا کی اندرونی دستاویزات کے اسکرین شاٹس بھی جاری کیے تھے۔ گروپ نے 12 گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا چوری کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ہیکرز کے مطابق چوری شدہ ڈیٹا میں اعلیٰ حکام کی ذاتی تفصیلات، مالیاتی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور امیگریشن سے متعلق کاغذات شامل ہیں تاہم فیفا نے ان دعوؤں کی تاحال تصدیق نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا کے منسوخ شدہ ورلڈ کپ کمرشل رائٹس منصوبے سے متعلق دستاویزات سائبر حملے سے متاثر نہیں ہوئیں۔
فیفا نے ذاتی معلومات کی چوری اور انہیں آن لائن پھیلانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
ادارے کے مطابق واقعے کی مکمل تحقیقات اور ممکنہ نقصان پر قابو پانے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سائبر سیکیورٹی حکام کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے۔
