Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

نشرہ سندھو نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں نیا ریکارڈ قائم کردیا

اس میچ میں نشرہ سندھو نے صرف 7 رنز دے کر 4 اوورز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستانی اسپنر نشرہ سندھو نے ایشیاکپ میں ہانگ کانگ کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں نیا ریکارڈ قائم کردیا۔

پاکستان نے پیر کو گروپ اے کے میچ میں ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی جب کہ اس میچ میں نشرہ سندھو نے صرف 7 رنز دے کر 4 اوورز میں 6 وکٹیں حاصل کرکے قومی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔

بائیں ہاتھ سے گیند کرنے والی نشرہ سندھو نے ہانگ کانگ کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی مرتبہ ایک اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

ان کی تباہ کن گیند بازی کے باعث ہانگ کانگ کی ٹیم پاکستانی باؤلرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی جب کہ نشرہ کی اس کارکردگی نے بھارت کے ہاتھوں گزشتہ شکست کے بعد پاکستان کو شاندار انداز میں مقابلے میں واپس آنے کا موقع فراہم کیا۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ہی نشرہ سندھو پاکستان کے لیے اہم اعزاز بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ وہ مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پاکستان کی جانب سے کسی ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی پہلی قومی بولر بن گئی ہیں۔

 

اس سے قبل مینز اور ویمنز ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز اسپنر سفیان مقیم کے پاس تھا، جنہوں نے تین رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کے سیمی فائنل کے لیے پاکستان کا اگلا مقابلہ 11 ستمبر کو سری لنکا سے ہوگا، جہاں قومی ٹیم نشرہ سندھو کی شاندار کارکردگی کی بدولت ایک بار پھر مضبوط پرفارمنس کی امیدیں لیے میدان میں اترے گی۔

Exit mobile version