Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رضا اللہ کون ہیں؟ 21 سالہ نوجوان کا ٹیسٹ ڈیبیو پر دنیا بھر میں چرچا

رضا اللہ نے صرف آٹھ فرسٹ کلاس میچز کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی ہے۔

پاکستان کے 21 سالہ فاسٹ بولر رضا اللہ نے انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں اور دوسری اننگز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 81 رنز بناکر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار کیا۔

مردان سے تعلق رکھنے والے رضا اللہ نے صرف آٹھ فرسٹ کلاس میچز کے تجربے کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم میں جگہ بنائی اور انگلینڈ کے خلاف پہلے ہی میچ میں ایسی کارکردگی دکھائی جس نے انہیں اچانک عالمی توجہ کا مرکز بنادیا۔

رضا اللہ کون؟

رضا اللہ 5 اپریل 2005 کو اپر دیر میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 2023 میں مردان کی ضلعی انڈر 19 کرکٹ سے اپنے سفر کا آغاز کیا اور بعد ازاں ایبٹ آباد کے علاقائی کرکٹ کا حصہ بنے۔

نوجوان کھلاڑی نے 2024-25 میں صدر ٹرافی گریڈ ٹو میں ساحر ایسوسی ایٹس کی نمائندگی کی اور ٹیم کو ٹورنامنٹ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ بعد ازاں قائداعظم ٹرافی میں پشاور کی جانب سے کھیلتے ہوئے انہوں نے ایک میچ میں سنچری اور نصف سنچری بھی بنائی۔

گیند بازی کے ساتھ ان کی کارکردگی مزید متاثر کن رہی۔ 2025-26 کی صدر ٹرافی میں رضا اللہ نے صرف پانچ میچز میں 30 وکٹیں حاصل کیں جس کے بعد انہیں پاکستان کی نئی لیگ ٹیم راولپنڈیز میں جگہ ملی۔

قومی کرکٹ اکیڈمی میں ان کی کارکردگی نے بھی سلیکٹرز کی توجہ حاصل کی اور اگست کے آخر میں انہیں فاسٹ بولرز کے تربیتی کیمپ میں مدعو کیا گیا۔

انگلینڈ میں ٹیسٹ ڈیبیو کے دوران رضا اللہ نے پہلی اننگز میں انگلینڈ کے کپتان جو روٹ کو آؤٹ کیا اور مجموعی طور پر 23 اوورز میں 148 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔

بولنگ کے ساتھ بیٹنگ میں بھی نمایاں

تاہم ان کی اصل توجہ حاصل کرنے والی کارکردگی ان کے بیٹنگ کا جارحانہ انداز تھا۔ پاکستان کی دوسری اننگز میں 318 رنز پر 8 کھلاڑی آؤٹ تھے، اس موقع پر رضا اللہ نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 63 گیندوں پر 81 رنز بنا ڈالے جس میں 4 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

رضا اللہ نے 43 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو ٹیسٹ ڈیبیو پر کسی پاکستانی بلے باز کی تیز ترین نصف سنچری قرار دی گئی۔ ان کے 9 چھکے انگلینڈ میں ایک اننگز کے دوران سب سے زیادہ چھکوں کے ریکارڈ کے برابر بھی رہے۔

محمد عباس کے ساتھ رضا اللہ نے نویں وکٹ کے لیے 121 رنز کی شراکت قائم کی جس کے نتیجے میں پاکستان نے 449 رنز بنائے اور انگلینڈ کو 130 رنز کا ہدف دیا۔

رضا اللہ نے اپنی جارحانہ بیٹنگ کے بارے میں کہا کہ وہ گیندوں کا انتخاب کرکے حملہ کررہے تھے اور فاسٹ بالرز سے خوفزدہ نہیں تھے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version