Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے عبدالرحمان نے ہاکی ورلڈ کپ کا میجک اسکل ایوارڈ جیت لیا

شائقین کی جانب سے ہونے والی ووٹنگ میں عبدالرحمان کے گول کو 44 فیصد ووٹ ملے

پاکستان کے نوجوان ہاکی کھلاڑی عبدالرحمان نے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026 میں اپنی شاندار مہارت کا لوہا منواتے ہوئے مینز میجک اسکل ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

عبدالرحمان نے ویلز کے خلاف 3-3 سے برابر رہنے والے میچ میں غیر معمولی گول کیا تھا، جس میں انہوں نے اپنی تھری ڈائمینشنل اسکلز کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار دفاعی کھلاڑیوں کو چکما دیا اور شاندار انداز میں گیند کو جال میں پہنچایا۔

شائقین کی جانب سے ہونے والی ووٹنگ میں عبدالرحمان کے گول کو 44 فیصد ووٹ ملے اور وہ ایوارڈ کے فاتح قرار پائے۔ کینیڈا کے کینٹن میلویل 39 فیصد ووٹ حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہے، یوں پاکستانی کھلاڑی نے انتہائی سخت مقابلے میں کامیابی حاصل کی۔

خواتین کے میجک اسکل ایوارڈ کا اعزاز بھارت کی گول کیپر بیچو دیوی کھریبم نے حاصل کیا۔ انہوں نے انگلینڈ کے خلاف میچ کے آخری منٹ میں شاندار ریفلیکس سیو کرکے شائقین کو متاثر کیا اور 52 فیصد ووٹ حاصل کیے۔

پاکستان نے ہاکی ورلڈ کپ 2026 کی مہم پول ڈی میں انگلینڈ کے خلاف 15 اگست کو 4-1 کی شکست سے شروع کی، جبکہ 17 اگست کو ویلز کے خلاف مقابلہ 3-3 سے برابر رہا۔

گرین شرٹس کا تیسرا پول میچ روایتی حریف بھارت کے خلاف 19 اگست کو ہوا، جس میں پاکستان کو 5-3 سے شکست ہوئی اور یوں ٹیم ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل نہ کرسکی۔

بعد ازاں پاکستان نے کلاسیفکیشن مرحلے میں جاپان کو 22 اگست کو 4-3 سے شکست دے کر مہم کو آگے بڑھایا، تاہم 24 اگست کو نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 4-2 سے ہرا کر مزید پیش قدمی روک دی۔

11ویں پوزیشن کے میچ میں پاکستان کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوا۔ مقررہ وقت تک میچ 4-4 سے برابر رہا، جس کے بعد فیصلہ کن پنالٹی شوٹ آؤٹ میں پاکستان نے جنوبی افریقا کو 3-4 سے شکست دے دی۔ فیصلہ کن پنالٹی عماد بٹ نے اسکور کرکے پاکستان کو ٹورنامنٹ میں 11ویں پوزیشن دلوائی۔

پاکستان کا 11واں نمبر 2006 کے بعد ورلڈ کپ میں بہترین اختتام ہے، جب قومی ٹیم نے چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔ پاکستان نے 2010 اور 2018 کے ورلڈ کپ میں 12ویں پوزیشن حاصل کی، جبکہ 2014 اور 2023 کے ایڈیشنز کے لیے قومی ٹیم کوالیفائی نہیں کرسکی تھی۔

چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان ٹیم کے لیے عبدالرحمان کا میجک اسکل ایوارڈ انفرادی سطح پر ٹورنامنٹ کی ایک نمایاں کامیابی بن کر سامنے آیا ہے۔