Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے شیڈول کا اعلان، پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں

ایونٹ میں 14 ٹیمیں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں 57 میچز کھیلیں گی۔

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت 14 ٹیمیں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں 57 میچز کھیلیں گی جب کہ پاکستان اور بھارت ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔

کیپ ٹاؤن میں ورلڈ کپ 2027 کے شیڈول کی رونمائی کی تقریب جاری ہے، جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے میگا ایونٹ کے میچز اور فارمیٹ کی تفصیلات جاری کی گئیں۔

ورلڈ کپ 2027 کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا کریں گے، جبکہ ٹورنامنٹ کے دوران 14 ٹیمیں 12 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 57 میچز کھیلیں گی۔

 

آئی سی سی کے مطابق ورلڈکپ 2027 کا آغاز 2 اکتوبر کو نمیبیا کے دارالحکومت ونڈہوک میں تین ٹیموں پر مشتمل سپر سیریز سے ہوگا۔

سپر سیریز کے اختتام کے بعد 12 ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ میں 6، 6 ٹیمیں شامل ہوں گی۔ گروپ مرحلے کے بعد 7 ٹیمیں سپر سیون مرحلے میں جگہ بنائیں گی، جہاں سے ٹاپ 4 ٹیمیں سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

سیمی فائنلز کے بعد فاتح ٹیمیں فائنل میں مدمقابل ہوں گی جب کہ ورلڈکپ 2027 کا فیصلہ کن معرکہ 21 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

پاکستان اور بھارت ایک گروپ میں

ورلڈ کپ 2027 کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جب کہ آسٹریلیا اور میزبان زمبابوے بھی اسی گروپ کا حصہ ہوں گے۔

گروپ اے کی ایک نشست کوالیفائنگ مرحلے سے آنے والی ٹیم کے لیے مختص کی گئی ہے۔

دوسری جانب گروپ بی میں بنگلادیش، انگلینڈ اور میزبان جنوبی افریقا کو شامل کیا گیا ہے جب کہ سری لنکا اور نیوزی لینڈ بھی گروپ بی کا حصہ ہوں گے۔

گروپ بی کی چھٹی ٹیم کوالیفائنگ مرحلے کے ذریعے ٹورنامنٹ میں جگہ بنائے گی۔

ورلڈ کپ ٹکٹوں کے لیے رجسٹریشن شروع

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے ٹکٹوں کے لیے بیلٹ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔

شائقین کرکٹ ٹکٹ بیلٹ میں شرکت کے لیے 21 نومبر تک رجسٹریشن کراسکیں گے جس کے بعد ٹکٹوں کی فراہمی سے متعلق آئندہ مراحل مکمل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کا انعقاد جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں ہوگا اور ٹورنامنٹ کے دوران تینوں میزبان ممالک کے مختلف وینیوز پر میچز کھیلے جائیں گے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version