لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد رضوان نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سامنے پیش ہوگئے، جہاں تحقیقاتی ٹیم ضبط شدہ ڈیوائس کے فرانزک تجزیے سے متعلق ان سے سوالات کرے گی۔
محمد رضوان کو ضابطہ فوجداری کی دفعہ 160 کے تحت طلب کیا گیا تھا۔ انہیں ضبط شدہ ڈیوائس کے فرانزک معائنے اور تجزیے کے سلسلے میں تحقیقاتی ادارے سے تعاون کے لیے نوٹس جاری کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے کی چار رکنی ٹیم کرکٹر سے مختلف سوالات کرے گی۔ اس ٹیم میں ایک ڈپٹی ڈائریکٹر اور تین انسپکٹرز شامل ہیں۔
این سی سی آئی اے میں پیشی کے بعد محمد رضوان صحافیوں کے سوالات کا جواب دیے بغیر مسکراتے ہوئے وہاں سے روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ قومی کرکٹر اس سے قبل بھی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔
