Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی کھلاڑیوں کا نامناسب رویہ، پاکستان کی میچ ریفری سے شکایت

میچ ریفری نے بھی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے رویے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے پاکستانی مؤقف سے اتفاق کیا

پاکستان نے ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے میچ میں بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر میچ ریفری سے باضابطہ شکایت کردی، جس میں بھارتی فاسٹ بولر ہرشیت رانا کے رویے کو بھی خاص طور پر اٹھایا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز میچ ختم ہونے کے فوری بعد پاکستانی کوچ نے میچ ریفری نعیم الرشید سے ملاقات کرکے بھارتی کھلاڑیوں کے نامناسب رویے پر احتجاج کیا اور واقعے کی شکایت درج کرائی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری نے بھی بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کے رویے کو نامناسب قرار دیتے ہوئے پاکستانی مؤقف سے اتفاق کیا اور اس پر ناخوشی کا اظہار کیا۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا نے بھی اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے رویے پر کڑی تنقید کی ہے۔ اس سے قبل عمان میں کھیلے گئے ایشیا کپ انڈر 19 کے فائنل میں بھی بھارتی کھلاڑیوں نے کامیابی کے بعد نامناسب طرز عمل کا مظاہرہ کیا تھا۔

تاہم ذرائع کے مطابق بھارتی ٹیم کے خلاف کسی کارروائی کا امکان نہیں کیونکہ یہ لسٹ اے میچز تھے اور ان پر کرکٹ کا ضابطہ اخلاق (کوڈ آف کنڈکٹ) لاگو نہیں ہوتا۔

یوں پاکستانی ٹیم کی جانب سے شکایت اور میچ ریفری کے تحفظات کے باوجود بھارتی کھلاڑیوں کو کسی تادیبی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

Exit mobile version