آئی سی سی نے وقت کی بچت کے لیے اسٹاپ کلاک کے نام سے نیا قانون متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) کی جانب سے بھارت کے شہر احمد آباد میں ہونے والے آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں اس نئے قانون کی منظوری دی گئی۔
آئی سی سی نے وائٹ بال فارمیٹ میں کھیل کی رفتار کو بڑھانے کے لیے آزمائشی بنیادوں پر ’اسٹاپ کلاک‘ قانون کو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس قانون کی خلاف ورزی پر فیلڈنگ ٹیم پر پانچ رنز کی پینالٹی عائد کی جائے گی۔
اسٹاپ کلاک قانون کو رواں سال دسمبر 2023 سے اپریل 2024 تک ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں آزمایا جائے گا۔
اس قانون کے تحت اوور کے اختتام کے 60 سیکنڈز کے اندر بولنگ ٹیم کو اگلا اوور پھینکنے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔اگر بولنگ ٹیم اننگز کے دوران تیسری مرتبہ 60 سیکنڈز سے زائد تاخیر کرے گی تو اس صورت میں 5 رنز کی پینالٹی عائد کی جائے گی۔
آئی سی سی کا کہنا ہے کہ گھڑی کا استعمال اوورز کے درمیان صرف کیے جانے والے وقت کو بہتر بنانے کے لیے کیا جائے گا۔
نئے قانون سے سلو اوور ریٹ کے مسئلے سے بھی نمٹنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ اسٹاپ کلاک قانون کا استعمال ٹینس سمیت کئی دیگر کھیلوں میں پہلے ہی کیا جاتا ہے۔
کرکٹ میں اس قانون کی تجویز 2018 میں میریلیبون کرکٹ کلب کی کمیٹی نے دی تھی اور کھیل کی رفتار میں اضافے کے لیے تینوں فارمیٹس میں اس کو لاگو کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
کمیٹی میں رکی پونٹنگ، سارو گنگولی اور کمار سنگاکارا جیسے بڑے کھلاڑی شامل تھے۔
نئے قانون کا پہلی مرتبہ استعمال 3 دسمبر سے انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان شروع ہونے والی تین میچز کی ون ڈے سیریز سے ہو گا۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
