Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ڈیوڈ وارنر کا ون ڈے کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان

آسٹریلیا کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز ڈیوڈ وارنر نے ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ہی ون ڈے فارمیٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق  ڈیوڈ وارنر نے پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے ساتھ ساتھ ون ڈے سے بھی ریٹائر ہو رہے ہیں۔

تجربہ کار اوپنر اب جلد ہی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں فری لانس کے طور پر اپنے کیریئر کے آخری باب کا آغاز کریں گے۔

ان کا یہ اعلان ایسے وقت  میں سامنے آیا ہے جب انہوں نے خود نوجوان کرکٹرز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ پر ٹی ٹوئنٹی لیگز کو ترجیح دینے کے بڑھتے ہوئے فتنے کے بارے میں انتباہ جاری کیا۔

اپنے آبائی شہر سڈنی میں اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ  میچ کھیلنے سے قبل وارنر نے انکشاف کیا کہ نومبر 2023 میں آسٹریلیا کی بھارت کے خلاف ورلڈ کپ فائنل میں فتح  ان کا ون ڈے کیریئر کا آخری میچ تھا۔

37  سالہ کھلاڑی ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے  45.30 کی اوسط سے 6932 رنز بنا چکے ہیں۔ وہ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ ون ڈے رنز بنانے والوں میں چھٹے نمبر پر ہیں۔

وہ 22 ون ڈے سنچریز کے ساتھ آسٹریلیا کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریز اسکور کرنے والوں میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ صرف رکی پونٹنگ نے ان سے زیادہ ون ڈے سنچریز اسکور کی ہیں۔

ڈیوڈ وارنر کا شمار دنیائے کرکٹ کے ان پانچ خوش قسمت ترین کھلاڑیوں میں  ہوتا ہے جنہیں دو بار آئی سی سی ورلڈکپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version