Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر کا اعزاز، ثنا میر آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل

 پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔

ثنامیر یہ اعزاز حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون کرکٹر ہیں۔ یہ اعلان 9 جون 2025 کو لندن میں ہونے والی ایک خصوصی تقریب میں کیا گیا، جہاں معروف ویسٹ انڈین سابق کرکٹر این بشپ نے ان کا تعارف کرایا۔

ثنا میر نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کرکٹ کیریئر کا آغاز سری لنکا کے خلاف کیا اور 2019 میں بنگلہ دیش کے خلاف اپنا آخری میچ کھیل کر 226 بین الاقوامی میچوں کے ساتھ کرکٹ کو خیرباد کہا۔

مزید پڑھیں: پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر کے نام ایک اوراعزاز

انہوں نے 137 میچوں میں پاکستان کی قیادت کی اور ایک روزہ کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والی پاکستان کی پہلی خاتون باؤلر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔

ثنا میر کو 2018 میں آئی سی سی ویمنز ون ڈے بولر رینکنگ میں نمبر 1 کا درجہ حاصل ہوا۔ اس کے علاوہ انہیں 2012 میں تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔ 2014 میں ان کی قیادت میں پاکستان ویمنز ٹیم نے ایشین گیمز میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2018 میں انہیں بہترین ون ڈے کھلاڑی کے ایوارڈ سے بھی سرفراز کیا۔

ہال آف فیم میں شمولیت کے ساتھ ثنا میر پاکستان کی آٹھویں اور دنیا کی پندرہویں خاتون کرکٹر بن گئی ہیں جنہیں یہ عالمی اعزاز حاصل ہوا ہے۔

اس تاریخی موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ثنا میر نے کہا: یہ اعزاز صرف میرا نہیں بلکہ ان تمام خواتین کا ہے جو کرکٹ کے میدان میں خواب لے کر آئیں، مشکلات کا سامنا کیا اور محنت سے اپنا مقام بنایا۔ میں اس لمحے کو پاکستان کی ہر لڑکی کے نام کرتی ہوں جو کچھ بڑا کرنے کا خواب رکھتی ہے۔

ثنا میر کی ہال آف فیم میں شمولیت نہ صرف پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک سنگ میل ہے بلکہ عالمی سطح پر خواتین کی کرکٹ میں پاکستان کے مثبت کردار کا اعتراف بھی ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version