Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان میں بندش پر وکی پیڈیا کا اہم بیان سامنے آگیا

 پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے غیر قانونی مواد کی وجہ سے ملک میں وکی پیڈیا کی سروسز محدود کردیں جس پر آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس وکی پیڈیا کا اہم بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

وکی پیڈیا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ پی ٹی اے نے ہماری سروس اور تمام پراجیکٹس کو پاکستان میں بلاک کر دیا ہے۔

وکی پیڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہمیں پی ٹی اے کی جانب سے یکم فروری کو بتایا گیا کہ وکی پیڈیا کی سروس کو 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے اور پھر 3 فروری کو غیر قانونی مواد کا جواز بنا کر ہماری سروس کو پاکستان میں مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے نے وکی پیڈیا کو پاکستان میں ڈی گریڈ کردیا

آن لائن انسائیکلو پیڈیا کی جانب سے ٹوئٹر پر یہ بھی لکھا گیا ہے کہ ہم ’معلومات سب انسانوں کے لیے‘ پر یقین رکھتے ہیں اور وکی پیڈیا کی سروس کو پاکستان میں بلاک کرنے کا مطلب ہے کہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی کو بلا معاوضہ معلومات کی رسائی سے محروم کر دیا گیا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہر کوئی پاکستان کی تاریخ اور ثقافت تک رسائی سے محروم ہو جائے گا۔

ویب سائٹ کا مزید کہنا ہے ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان ہر کسی کو معلومات تک رسائی کے حق میں ہمارا ساتھ دے گی اور وکی پیڈیا سروس اور پراجیکٹس کو فوری بحال کرے گی تاکہ پاکستان کے لوگ دنیا بھر میں اپنے معلومات کو شیئر کر سکیں۔

Exit mobile version