مختصر دورانیے کی ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک نے پلیٹ فارم پر مواد شیئر کر کے پیسے کمانے کی شرائط کو مزید آسان کردیا۔
رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک نے اپنی بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ اب کانٹینٹ کریئیٹرز ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز سے بھی پیسے کمانے لگیں گے۔
جی ہاں، کمپنی نے بتایا کہ ویڈیوز سے پیسے کمانے کے لیے مواد تخلیق کاروں کو چند ضروری باتوں کا خیال رکھنا ہوگا، جس میں سے سب سے اہم بات اصلی مواد ہونا ہے۔
اسی طرح پیسے کمانے کے لیے ویڈیو کے دورانیے، سرچ ویلیو اور آڈینس انگیجمنٹ کو بھی اہم قرار دیا گیا ہے، یعنی جو مواد تخلیق کار مذکورہ چاروں شعبوں پر پورا اتریں گے، وہ جلد ہی ٹک ٹاک سے پیسے کمانا شروع ہوجائیں گے۔
ٹک ٹاک پر پیسے کمانے کے نئے طریقے کے تحت کسی بھی اکاؤنٹ ہولڈر کے فالوورز کی تعداد 10 ہزار ہونا لازمی ہوگی جبکہ ان کی ویڈیوز کے ویوز ایک ماہ میں 1 لاکھ تک ہونا لازمی ہوں گے۔
یعنی جن مواد تخلیق کاروں کے ٹک ٹاک پر 10 ہزار فالوورز ہوں گے اور ان کی ویڈیوز کو ایک ماہ میں ایک لاکھ بار دیکھا جا چکا ہوگا، وہ فوری طور پر اپنی ایک منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیوز سے پیسے کمانے لگیں گے۔
ٹک ٹاک کے مطابق گزشتہ 6 ماہ کے دوران پلیٹ فارمز پر بعض مواد تخلیق کاروں کی ماہانہ کمائی 50 ہزار ڈالر سے بھی زائد ہوچکی ہے اور کانٹینٹ کریئیٹرز کی کمائی میں 250 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
