آئی فون صارفین کیلئے خطرے کی نئی گھنٹی بج گئی ہے۔
سائبر سکیورٹی کمپنی ’Kaspersky‘ کے ماہرین نے آئی فونز اور دیگر ایپل مصنوعات کے آئی او ایس میں موجود لاگ فائل (Shutdown.log)کے ذریعے ایپل مصنوعات پر مسلسل سائبر حملوں کا انکشاف کیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ایپل مصنوعات کو ’ری بوٹ‘ یا ’ری اسٹارٹ‘ کرنے پر جاسوسی کا یہ مستقل پراسیس چالو ہو جاتا ہے، جس کی وجہ سے آئی فون وغیرہ کو اسٹارٹ ہونے میں بھی زیادہ وقت لگتا ہے۔
سائبر سکیورٹی کمپنی کے اس انکشاف کے بعد کابینہ ڈویژن کی طرف سے ایپل کی مصنوعات استعمال کرنے والے پاکستانی شہریوں کے لیے وارننگ جاری کی گئی ہے۔
کابینہ ڈویژن کی طرف سے کئی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں تاکہ آئی او ایس ڈیوائسز کو اس جدید ترین سپائی ویئر سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ان میں ڈیوائسز کو روزانہ ’ری بوٹ‘ کرنا، سپائی ویئرز کو بلاک کرنے کے لیے لاک ڈاؤن موڈ کو اِن ایبل رکھنا، آئی میسج اور فیس ٹائم کو ڈِس ایبل رکھنا، مختلف چینلز سے آنے والے مشکوک لنکس سے محتاط رہنا۔
اس کے علاوہ باقاعدگی سے بیک اپس اور سسٹم ڈائیگنوسس کو چیک کرتے رہنا، آئی او ایس کے جدید ترین ورژن کا استعمال یقینی بنانا وغیرہ شامل ہیں۔
