ان دنوں سوشل میڈیا اور ٹیک ویب سائٹس پر ایک نئے اسمارٹ فون ’’نوکیا ایرو‘‘ کی افواہیں زوروں پر ہیں۔ صارفین کا خیال ہے کہ شاید نوکیا ایک بار پھر پریمیم فونز کے میدان میں دھوم مچانے کی تیاری کررہا ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق یہ فون ایک ’’فلیگ شپ کلر‘‘ یعنی مہنگے فونز کو ٹکر دینے والا فون ہوسکتا ہے جس کی خصوصیات کے بارے میں جو کچھ کہا جارہا ہے وہ کافی شاندار ہے۔
افواہوں کے مطابق اس میں 8,500 سے 9,000 ایم اے ایچ کی بڑی بیٹری، 200 میگا پکسل کا کیمرہ سسٹم اور 16 سے 18 جی بی تک ریم ہوسکتی ہے۔
ڈیزائن کے حوالے سے بھی کہا جارہا ہے کہ یہ جدید اور پائیدار ہوگا جو پریمیم مارکیٹ کو ذہن میں رکھ کر بنایا گیا ہے۔
لیکن ایک اہم بات یہ ہے کہ ان میں سے کسی بھی چیز کی تصدیق نوکیا کے فون بنانے والی کمپنی ایچ ایم ڈی گلوبل کی جانب سے نہیں کی گئی ہے۔
زیادہ تر افواہیں سوشل میڈیا ٹیزرز، تصوراتی ویڈیوز اور ٹیک پوسٹس سے پیدا ہوئی ہیں جو 2025 کے آخر سے گردش کررہی ہیں۔ اس لیے حقیقت اور قیاس آرائی میں فرق کرنا مشکل ہے۔
فی الحال نوکیا کی یہ مبینہ واپسی محض افواہوں تک محدود ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا نوکیا واقعی کوئی بڑا قدم اٹھانے والا ہے یا پھر افواہیں ہی زیر گردش رہیں گی۔
