Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میسج نہ کھولو تو کیا ہوگا؟ واٹس ایپ کے نئے فیچر کی تفصیل سامنے آگئی

فی الحال یہ سہولت چند آئی فون صارفین کو ٹیسٹ فلائٹ بیٹا پروگرام کے ذریعے دی گئی ہے

واٹس ایپ اپنے ڈس اپیئرنگ میسجز فیچر میں ایک اہم تبدیلی پر کام کر رہا ہے، جس کے بعد صارفین کے پیغامات پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں خودکار طور پر غائب ہو سکیں گے۔

موجودہ نظام میں ڈس اپیئرنگ میسجز کا وقت میسج بھیجتے ہی شروع ہو جاتا ہے، جس کے باعث کئی بار ایسا ہوتا ہے کہ سامنے والا صارف پیغام دیکھ بھی نہیں پاتا اور وہ پہلے ہی غائب ہو جاتا ہے۔ اسی مسئلے کو حل کرنے کیلئے واٹس ایپ ایک نیا آپشن متعارف کرا رہا ہے جسے  آفٹر ریڈنگ کا نام دیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اس نئے فیچر کے تحت میسج کا ٹائمر اُس وقت شروع ہوگا جب وصول کنندہ پیغام کو کھولے گا نہ کہ بھیجنے کے فوراً بعد۔ اس طرح صارفین کو یقین ہوگا کہ ان کا پیغام کم از کم پڑھا ضرور گیا ہے۔

واٹس ایپ سے متعلق اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والے پلیٹ فارم واٹس ایپ بیٹا انفو کے مطابق یہ فیچر آئی او ایس کے تازہ ترین بیٹا ورژن میں دیکھا گیا ہے۔ اس سے پہلے اینڈرائیڈ پر بھی اس کی محدود آزمائش کی جا چکی ہے۔

فی الحال یہ سہولت چند آئی فون صارفین کو ٹیسٹ فلائٹ بیٹا پروگرام کے ذریعے دی گئی ہے جبکہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ آنے والے ہفتوں میں اسے وسیع پیمانے پر متعارف کرا دیا جائے گا۔

نئے فیچر میں صارفین میسج کھلنے کے بعد 5 منٹ، 1 گھنٹہ یا 12 گھنٹے کے اندر پیغام غائب ہونے کا وقت منتخب کر سکیں گے۔ اگر وصول کنندہ 24 گھنٹوں تک میسج نہ کھولے تو وہ خودکار طور پر ڈیلیٹ ہو جائے گا۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ تبدیلی پرائیویسی فیچرز کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کا حصہ ہے، جس سے صارفین کو اپنے نجی پیغامات پر پہلے سے زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔

Exit mobile version