Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لاہور کی سڑکوں پر الیکٹرک ٹرام چلانے کی تیاری، وزیراعلیٰ پنجاب کا بڑا اعلان

تین منسلک حصوں پر مشتمل یہ ٹرام بیک وقت تقریباً 250 سے 300 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹ میں نئی جدت لاتے ہوئے لاہور میں پہلی ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام چلانے کی تاریخ کا اعلان کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ لاہور میں ٹریک لیس الیکٹرک ٹرام آئندہ ہفتے سے سڑکوں پر رواں دواں ہوگی۔

منصوبے کے ابتدائی خاکے کے مطابق ٹرام کے لیے کینال روڈ پر ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک تقریباً 27 کلومیٹر طویل روٹ تجویز کیا گیا تھا تاہم ماحولیاتی خدشات، خصوصاً درختوں کی ممکنہ کٹائی کے باعث کینال روڈ کو منصوبے سے خارج کر دیا گیا۔

منصوبے میں تاخیر اور روٹ میں تبدیلی کی دیگر وجوہات میں تکنیکی مسائل اور فنڈز کی کمی بھی شامل ہیں تاہم وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے حالیہ اعلان میں متبادل روٹ کی تفصیلات نہیں بتائیں۔

چین سے درآمد کی گئی اس ٹرام کو مقامی سطح پر اسمبل کیا گیا ہے۔ منصوبے کی تیاریوں میں سڑکوں پر ٹیسٹ رن اور خصوصی ٹائروں کی تنصیب بھی شامل ہے۔

بیٹری سے چلنے والی اس ٹرانسپورٹ سروس کو آٹونومس ریپڈ ٹرانزٹ (اے آر ٹی) یا ایس اے آر ٹی کہا جاتا ہے۔ یہ روایتی ٹرینوں کی طرح پٹریوں کے بجائے ربڑ کے ٹائروں پر چلتی ہے جبکہ ٹرام میں نصب جدید سینسرز اور کیمرے اسے بغیر کسی مستقل ٹریک کے عام سڑکوں پر رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔

تین منسلک حصوں پر مشتمل یہ ٹرام بیک وقت تقریباً 250 سے 300 مسافروں کو لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے جبکہ تقریباً 10 منٹ کی فاسٹ چارجنگ کے بعد ٹرام 25 سے 27 کلومیٹر تک سفر کر سکتی ہے۔

ابتدائی آزمائشی مرحلے کے دوران شہریوں کو مفت سفر کی سہولت فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version