لوگوں کی بڑی تعداد اکثر پکنک، کیمپنگ یا ہائیکنگ پر کھانے پینے اشیا اپنے ساتھ لے جاتی ہیں تاہم انہیں زیادہ دیر تک ٹھنڈا اور خراب ہونے سے محفوظ رکھنا ایک مشکل عمل ہے۔ عام طور پر اس کے لیے لوگ برف یا آئس پیک استعمال کرتے ہیں، لیکن برف جلدی پگھل جاتی ہے اور آئس پیک بھی زیادہ دیر تک ٹھنڈا نہیں رہتے۔
تاہم سائنسدانوں نے اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نئی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے فروسٹ ٹائٹین کور پلیٹ تیار کی ہے یہ ایک خاص ٹائٹینیم کولنگ پلیٹ ہے جو کھانے اور مشروبات کو کافی دیر تک ٹھنڈا رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
صرف ایک گھنٹے میں فریز
اس پلیٹ کو فریزر میں تقریباً ایک گھنٹے میں جما کر تیار کیا جا سکتا ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ پلیٹ 32 ڈگری فارن ہائٹ (0 ڈگری سینٹی گریڈ) سے کم درجہ حرارت کو تقریباً 12 گھنٹے تک برقرار رکھ سکتی ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ اگر اسے اچھی طرح فریز کرکے کولر میں رکھا جائے تو یہ عام برف یا کچھ آئس پیکس کے مقابلے میں زیادہ دیر تک ٹھنڈک فراہم کر سکتی ہے۔
فروسٹ ٹائٹین کور پلیٹ کی موٹائی صرف 10 ملی میٹر جبکہ اس کا سائز تقریباً 165 × 104 ملی میٹر ہے اور وزن صرف 270 گرام ہے یہی وجہ ہے کہ اسے مختلف سائز کے کولرز میں آسانی سے رکھا جا سکتا ہے۔
ٹائٹینیم کا فائدہ
اس پلیٹ کا بیرونی حصہ ٹائٹینیم سے بنایا گیا ہے۔ ٹائٹینیم مضبوط اور پائیدار دھات ہے اس لیے پلیٹ کے زنگ لگنے اور ٹوٹنے کا خطرہ نہیں اور اس کی سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ یہ حیرت انگیز پلیٹ کسی بھی بو کو جذب نہیں کرتی ہے استعمال کے بعد اسے آسانی سے دھویا اور بار بار استعمال بھی کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہاتھ استعمال کیے بغیر کپڑے پہننے والی روبوٹک ٹیکنالوجی تیار
قیمت کتنی ہے؟
کور پلیٹ کی متوقع عام قیمت 113 امریکی ڈالر ہے، لیکن کک اسٹارٹر پر جاری فنڈنگ مہم کے دوران اسے 79 ڈالر تک میں حاصل کیا جا سکتا ہے۔
کیا یہ خریدنا محفوظ ہے؟
یہ منصوبہ ابھی کک اسٹارٹر پر کراؤڈ فنڈنگ کے مرحلے میں ہے، اس لیے اسے خریدنے میں کچھ خطرہ موجود ہے۔ کمپنی اسٹوریج ایل سی سی جاپان کے بارے میں بھی ابھی زیادہ معلومات یا اس کی دوسری مصنوعات کا تجربہ دستیاب نہیں ہے۔ تاہم، اس مہم میں اب تک 350 سے زیادہ افراد حصہ لے چکے ہیں اور 70,000 ڈالر سے زیادہ رقم جمع ہو چکی ہے۔
اگر منصوبہ طے شدہ پروگرام کے مطابق چلتا رہا تو مصنوعات کی دنیا بھر میں ترسیل فروری 2027 سے شروع ہونے کی توقع ہے۔
