واٹس ایپ نے صارفین کے لیے موسیقی سے متعلق نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کرلی جس کے ذریعے اسٹیٹس میں استعمال کیے جانے والے پسندیدہ گانوں کو محفوظ کیا جاسکے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے آزمائشی طور پر نئے فیچر پر کام کیا جارہا ہے جس کے ذریعے موسیقی کی فہرست میں موجود پسندیدہ گانوں کو الگ سے محفوظ کیا جاسکے گا۔
نئے فیچر کے تحت صارف کسی بھی گانے کے ساتھ موجود اسٹار کے نشان کو دبا کر اسے اپنی پسندیدہ فہرست میں شامل کرسکے گا۔
گانا محفوظ ہونے کے بعد اسٹار کا نشان مکمل ہوجائے گا جس سے صارف کو معلوم ہوگا کہ گانا پسندیدہ فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔
صارفین اپنی پسند کے جتنے چاہیں گانے اس فہرست میں محفوظ کرسکیں گے جبکہ کسی گانے کو فہرست سے ہٹانے کے لیے دوبارہ اسٹار کے نشان کو ختم کرنا ہوگا۔
اب تک واٹس ایپ کی موسیقی کی فہرست میں تجویز کردہ گانوں، مزاج اور موسیقی کی صنف کے اعتبار سے تین حصے موجود تھے تاہم نئے فیچر کے بعد پسندیدہ گانوں کے لیے ایک الگ حصہ بھی شامل کیا جائے گا۔
نئے حصے کے ذریعے صارفین ایک ہی مرتبہ میں اپنے محفوظ کیے گئے گانوں تک رسائی حاصل کرسکیں گے اور ضرورت پڑنے پر دوبارہ مکمل موسیقی کی فہرست بھی دیکھ سکیں گے۔
یہ سہولت ایسے وقت میں متعارف کرائی جارہی ہے جب واٹس ایپ نے اسٹیٹس میں موسیقی کے استعمال کی سہولت کو مسلسل بہتر بنایا ہے۔
حالیہ آزمائشی تبدیلیوں میں اسٹیٹس پر گانے کے حصے کو 15 سیکنڈ سے بڑھا کر 30 سیکنڈ تک کرنے کے ساتھ گانے کے مخصوص حصے کے انتخاب کے لیے صوتی لہروں کی شکل میں انتخاب کی سہولت بھی شامل کی گئی تھی۔
نیا فیچر فی الحال واٹس ایپ کے آزمائشی نسخے میں دیکھا گیا ہے اور عام صارفین کے لیے اس کی دستیابی سے متعلق حتمی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
