Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گھریلو کام کاج کے لیے جدید روبوٹ متعارف، فی گھنٹہ کرایہ مقرر

یہ ٹیکنالوجی معمر افراد کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے

واشنگٹن: امریکی کمپنی نے مصنوعی ذہانت سے لیس ایسے جدید روبوٹس متعارف کرادیے ہیں جو گھروں اور دفاتر میں صفائی ستھرائی سمیت مختلف روزمرہ کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

کمپنی کے مطابق یہ روبوٹس مصنوعی ذہانت اور انسانی معاونت کے امتزاج سے کام کرتے ہیں اور انہیں فرش کی صفائی، قالین صاف کرنے، کچن کو منظم رکھنے اور کچرا ٹھکانے لگانے جیسے کاموں کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

گھریلو معاونین کی کمی کا سامنا کرنے والے علاقوں میں ان روبوٹس کی خدمات میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔ کمپنی نے روبوٹ کی خدمات حاصل کرنے کے لیے 30 امریکی ڈالر فی گھنٹہ فیس مقرر کی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 8 ہزار 370 روپے بنتی ہے۔

اگرچہ ان روبوٹس کی خدمات نسبتاً مہنگی ہیں، تاہم سہولت اور وقت کی بچت کے باعث امریکی شہریوں کی جانب سے ان میں دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مینڈک کے پٹھوں سے چلنے والا حیرت انگیز روبوٹ تیار

کمپنی کے مطابق ٹیکنالوجی ماہرین روبوٹس کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنانے پر کام کر رہے ہیں، جبکہ مستقبل میں انہیں کپڑے دھونے اور برتن صاف کرنے جیسے مزید پیچیدہ گھریلو کاموں کے قابل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی معمر افراد کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ ایسے افراد جسمانی کمزوری کے باعث روزمرہ گھریلو امور انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق گھریلو کاموں میں مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کا بڑھتا ہوا استعمال مستقبل میں گھریلو نظام میں نمایاں تبدیلی کا باعث بن سکتا ہے، تاہم اس ٹیکنالوجی کی لاگت، دستیابی اور انسانی ملازمتوں پر ممکنہ اثرات بھی اہم سوالات ہیں۔

Exit mobile version