Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بچوں کے موبائل فون کے استعمال پر پی ٹی اے کا نیا الرٹ، والدین فوری یہ کام کریں

بچوں کے روزانہ موبائل اور دیگر برقی آلات استعمال کرنے کا وقت محدود کیا جائے، والدین کو مشورہ

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے والدین کو بچوں کے موبائل فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ کے استعمال پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے انہیں آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نئی احتیاطی تدابیر جاری کردی ہیں۔

پی ٹی اے نے والدین سے کہا ہے کہ بچوں کے روزانہ موبائل اور دیگر برقی آلات استعمال کرنے کا وقت محدود کیا جائے تاکہ تعلیم، تفریح، آرام اور خاندان کے ساتھ وقت گزارنے کے درمیان مناسب توازن برقرار رہے۔

 

اتھارٹی کے مطابق بچوں کو موبائل فون، ٹیبلٹ اور لیپ ٹاپ استعمال کرتے وقت بہتر ہے کہ کسی بڑے کی نگرانی میں رکھا جائے۔ والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ بچوں کو یہ آلات گھر کے مشترکہ حصوں میں استعمال کرنے دیں تاکہ وہ تنہائی میں انٹرنیٹ استعمال نہ کریں۔

پی ٹی اے نے والدین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ خود بھی جدید آن لائن سہولیات اور سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے بارے میں معلومات حاصل کریں تاکہ بچوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے حوالے سے بہتر رہنمائی فراہم کی جاسکے۔

 

والدین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایسے حفاظتی نظام استعمال کریں جن کے ذریعے نامناسب مواد، نقصان دہ ویب سائٹس اور بچوں کے لیے خطرناک آن لائن مواد تک رسائی روکی جاسکے۔

پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ بچوں کی عمر کے مطابق حفاظتی ترتیبات کا انتخاب کیا جائے تاہم انہیں مفید تعلیمی اور تفریحی مواد تک رسائی بھی فراہم کی جائے۔

 

یاد رہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے یہ ہدایات ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب پاکستان میں بچوں کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال اور آن لائن تحفظ سے متعلق بحث جاری ہے۔

پی ٹی اے نے یکم اکتوبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ قانونی دائرہ اختیار کے تحت اتھارٹی کے پاس 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے لازمی عمر کی تصدیق یا سماجی رابطوں کی ویب سائٹس تک رسائی محدود کرنے کا اختیار نہیں۔

پی ٹی اے اس سے قبل 30 جولائی کو بھی والدین کو بچوں کے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال پر نظر رکھنے اور حفاظتی سہولیات کے زیادہ استعمال کی ہدایت کرچکا ہے۔

اتھارٹی کے مطابق والدین کی نگرانی، انٹرنیٹ سے متعلق آگاہی اور مناسب حفاظتی اقدامات بچوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اہم ہیں جب کہ اس کے ذریعے بچے انٹرنیٹ کے مفید استعمال سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

Exit mobile version