ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز میں پاکستان شاہینز نے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے آخری گروپ میچ میں نیپال کو 96 رنز سے شکست دے دی اور سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان شاہینز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 168 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، روحیل نذیر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔
169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی پوری ٹیم پاکستانی بولرز کے سامنے بے بس ہوگئی اور صرف 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ نیپال کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے، جبکہ 6 بیٹرز کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین اور سفیان مقیم نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عمران رندھاوا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان شاہینز نے گروپ مرحلے میں ناقابل شکست رہتے ہوئے بھارت، متحدہ عرب امارات اور نیپال کو شکست دی اور مسلسل تین فتوحات کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔
