Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے خلاف بھی آسٹریلیا کی مبینہ بال ٹیمپرنگ؟ 2018 اسکینڈل کے نئے راز کھل گئے

دبئی ٹیسٹ آخری موقع تھا جب میچ کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے امکان پر آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں گفتگو ہوئی

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے 2018 کے بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق نئے انکشافات سامنے آگئے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جنوبی افریقا کے کیپ ٹاؤن واقعے کے صرف 6 ماہ بعد پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بھی گیند کی حالت خراب کرنے کی کوشش پر بات ہوئی تھی۔

آسٹریلوی اسپورٹس براڈکاسٹر جیرارڈ وہٹلی کی تحقیقات کے مطابق اکتوبر 2018 میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں نے گیند سے حرکت حاصل نہ ہونے پر اسے ٹکسالی مٹھائیوں کے ذریعے تبدیل کرنے کی تجویز پر گفتگو کی، تاہم اس وقت کے کپتان ٹم پین اور ہیڈ کوچ جسٹن لینگر نے مداخلت کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو ایسا کرنے سے روک دیا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک کھلاڑی نے ساتھیوں سے پوچھا کہ مٹھائیاں کس کے پاس ہیں اور آج گیند کے ساتھ یہ کام کون کرے گا؟ تاہم اسکواڈ کے ایک نئے رکن نے اس تجویز پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ تحقیقات کے مطابق دبئی ٹیسٹ آخری موقع تھا جب میچ کے دوران گیند سے چھیڑ چھاڑ کے امکان پر آسٹریلوی ڈریسنگ روم میں گفتگو ہوئی۔

تحقیقات میں کیپ ٹاؤن اسکینڈل کے بعد ٹیم کے اندرونی اختلافات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مچل مارش نے ہوٹل میں ڈیوڈ وارنر سے سخت گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں اپنے کردار کی ذمہ داری خود قبول کرنی چاہیے، نہ کہ سارا الزام کیمرون بینکرافٹ پر ڈال دیا جائے۔

یاد رہے کہ مارچ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران کیمرون بینکرافٹ کو سینڈ پیپر سے گیند کی حالت تبدیل کرتے ہوئے کیمرے نے پکڑ لیا تھا۔ اس واقعے کے بعد بینکرافٹ، ڈیوڈ وارنر اور اس وقت کے کپتان اسٹیو اسمتھ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

حالیہ دنوں میں بینکرافٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس منصوبے سے آگاہ تھے، جبکہ عثمان خواجہ نے بھی اپنی یادداشتوں میں اس معاملے پر گفتگو کی ہے۔ دوسری جانب موجودہ کپتان پیٹ کمنز نے سینڈ پیپر منصوبے سے پیشگی لاعلمی کا مؤقف برقرار رکھا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں بال ٹیمپرنگ کی کوشش سے متعلق تازہ دعوے تاحال تحقیقاتی رپورٹ میں سامنے آنے والے الزامات ہیں، ان کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔

متعلقہ خبریں

Exit mobile version