خلا میں بڑی مشنیں بھیجنا ایک مشکل اور مہنگا عمل ہے تاہم اب سائنس دانوں نے اس مسئلے کا ایک نیا حل پیش کیا ہے ہے۔ امریکی ادارے ڈارپا کی مالی معاونت سے کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے تیار کردہ روبوٹ نے خلا میں مختلف پرزوں کو جوڑ کر ایک ڈھانچہ تیار کر لیا.
کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دانوں کے مطابق یہ خلا میں روبوٹ کے ذریعے کسی ڈھانچے کی پہلی خودکار تعمیر ہے۔
اس منصوبے کا نام اسٹرا رکھا گیا ہے اس کا مقصد خلا میں چھوٹے چھوٹے پرزوں کو جوڑ کر بڑا انٹینا تیار کرنا تھا۔
اس تجربے میں روبوٹ کو مختلف دھاتی جوڑوں، مضبوط ٹیوبوں اور خاص قسم کی عکاس فلم کی مدد سے 1.4 میٹر چوڑا انٹینا بنانے کا کام دیا گیا تھا۔

وقت کی کمی کے باعث روبوٹ مکمل انٹینا تیار نہیں کر سکا تاہم اس نے پہلے سے تیار دو حصوں کے ساتھ تیسرا حصہ کامیابی سے جوڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: گھریلو کام کاج کے لیے جدید روبوٹ متعارف، فی گھنٹہ کرایہ مقرر
ڈارپا کے پروگرام مینیجر اینڈریو ڈیٹور کے مطابق یہ تجربہ مستقبل میں خلا میں کئی کلومیٹر بڑے ڈھانچے بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ’’آج کے دور میں اس پیمانے کے قریب بھی کوئی ڈھانچہ تیار کرنا ممکن نہیں۔‘‘
اس منصوبے کا مقصد یہ ہے کہ مستقبل میں بڑے ڈھانچے زمین سے مکمل تیار کرکے خلا میں بھیجنے کے بجائے ان کے چھوٹے پرزے خلا میں پہنچائے جائیں اور وہاں روبوٹس کی مدد سے انہیں جوڑ کر تیار کیا جائے۔
اس طریقے سے مستقبل میں بڑے انٹینا، دوربینوں کے آلات اور شمسی توانائی کے پینل خلا میں بنائے جا سکیں گے۔
اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ بڑے اور بھاری ڈھانچے زمین سے خلا میں بھیجنے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
ڈارپا کے مطابق اس طریقے کو بچوں کے کھلونوں کی طرح سمجھا جا سکتا ہے، جن کے چھوٹے چھوٹے حصے جوڑ کر بڑی چیز بنائی جاتی ہے۔

اگرچہ روبوٹ نے خود پرزے جوڑنے کا کام کیا، لیکن زمین پر موجود انجینئرز بھی اس کی مدد کر رہے تھے۔
انجینئرز روزانہ چند مرتبہ صرف 15 منٹ کے لیے روبوٹ سے رابطہ کرتے تھے۔ وہ روبوٹ کی بھیجی گئی تصاویر دیکھتے، اپنی لیبارٹری میں موجود نمونے پر مسائل حل کرتے اور پھر روبوٹ کو اگلی ہدایات دیتے تھے۔
خلا میں روبوٹس کا استعمال پہلے بھی ہو چکا ہے
اس سے پہلے بھی روبوٹس خلا میں تعمیراتی کاموں میں مدد دے چکے ہیں۔ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی تعمیر میں کینیڈا کے روبوٹ کینیڈارم 2 نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
تاہم وہ زمین پر پہلے سے تیار کیے گئے بڑے حصوں کو اپنی جگہ پر منتقل کرتا تھا، جبکہ نئے تجربے میں روبوٹ نے چھوٹے پرزوں کو جوڑ کر خود ڈھانچہ تیار کیا۔
2014 میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود تھری ڈی پرنٹر نے اپنے ہی ایک حصے کے لیے نیا پرزہ تیار کیا تھا۔
اسی طرح ناسا نے بھی آرکی ناؤٹ ون نامی منصوبے کے تحت خلا میں تھری ڈی پرنٹنگ کے ذریعے بڑے ڈھانچے اور شمسی پینل تیار کرنے کی کوشش کی تھی، تاہم یہ منصوبہ 2023 میں ختم کر دیا گیا۔
مستقبل میں کیا ہوگا؟
ماہرین کے مطابق یہ کامیابی مستقبل میں خلا میں بڑے ڈھانچے بنانے کا طریقہ بدل سکتی ہے۔
اگر یہ ٹیکنالوجی مزید بہتر ہو گئی تو آنے والے وقت میں بڑے خلائی اسٹیشن، انٹینا اور شمسی توانائی کے نظام زمین پر بنانے کے بجائے خلا میں ہی تیار کیے جا سکیں گے۔
اس طرح خلا میں تعمیراتی کام کے لیے انسانوں کو بار بار بھیجنے کی ضرورت بھی کم ہو سکتی ہے۔




















