ملک کے مختلف شہروں میں سردی نے دستک دیدی، بارش برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں علی الصبح سے ہی گہرے بادل برس رہے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، اقبال ٹاون، گڑھی شاہو، مال روڈ، گلبرگ، کرشن نگر، بند روڈ، گلشن راوی سمیت دیگر علاقوں میں بوندا باندی سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا ہے جبکہ بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
پنجاب کے دیگر شہروں بہاولپور، بہاولنگر، پاکپتن، احمد پورشرقیہ، گوجرہ، وہاڑی، جہانیاں، جھنگ، اوچ شریف میں بھی موسلادھار بارش نے سردی کی دستک دے دی ہے۔
اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ، منڈی صادق گنج، رینالہ خورد میں بھی جم کر بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
دوسری جانب وادی نیلم کے پہاڑوں پر بارش اور وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے، تیز ہوائیں چلنے سے ٹھنڈ بھی بڑھ گئی ہے۔
گزشتہ روز کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں اور بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کے سلسلے کے زیر اثر کل کراچی کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، تاہم بارشوں کا سلسلہ 17 اکتوبر تک جاری رہے گا۔
بارشیں ہی بارشیں
ملک کے بیشتر بالائی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر،اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار اور شمال مشرقی پنجاب میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور صوابی میں بارش جبکہ صوبے کے بلند و بالا پہاڑوں پر برفباری، میدانی علاقوں میں ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد ، کشمیر، بالائی خیبر پختونخوا،پنجاب، شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں ااور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔
اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں
ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں
پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں اور بیل آئیکن پر کلک کریں
