Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد

کراچی: شہر قائد میں صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد ہوگیا ہے جبکہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں رات اور صبح سویرے ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم سرد ہوگیا، محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج شہرمیں دن کےاوقات میں موسم خشک رہے گا تاہم کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ پارہ 30 سے 32 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب دن میں اوسطاً 50 اور شام میں 20 فیصد رہے گا جبکہ مشرقی سمت سے سست رفتار ہوائیں چلتی رہیں گی۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر اضلاع میں گرمی کی شدت میں کمی ہوگئی ہے، صوبے کے بیشتر حصوں میں کم سے کم پارہ 12 سے 15 ڈگری ریکارڑ کیا گیا جبکہ حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ میں درجہ حرارت 15 سے 18 ڈگری رہا۔

اس کے علاوہ مٹھی، میر پور خاص سمیت صحرائی علاقوں میں پارہ 10 سے 12 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جبکہ آج صوبے کے بیشتر علاقوں میں پارہ 26 سے 28 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔

بعدازاں محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو موسم سرما کی بارشوں کی نوید سنا دی ہے، تاہم شہر کا  درجہ حرارت گرنے سے صبح وشام میں لوگوں کو ہلکی سردی محسوس ہونے لگی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ نومبر کے آخر میں سندھ سمیت کراچی میں بارشوں کا امکان ہے جس کے بعد سردی میں اضافہ ممکن ہے۔

مزید برآں ملک کے بالائی علاقوں میں مختلف مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہے گا البتہ دالبندین، نوکنڈی اور گردو نواح میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

علاوہ ازیں صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک بالائی اضلاع میں بھی سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ صبح کے اوقات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں سیالکوٹ، لاہور، گوجرانوالہ، نارووال، سرگودھا، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

اگرآپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارےفیس بک پیج  https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کولائک کریں۔

ٹوئٹر پر ہمیں فالو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں۔

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے  کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں۔

Exit mobile version