محکمہ موسمیات نے آج کی موسمی صورتحال کے حوالے سے پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم کی صورتحال پر پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی اور پڈعیدن میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند اور اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہنے کا امکان ہے، تاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
یاد رہے کہ آج صبح ریکارڈ کیے گئے بڑے شہروں کے درجہ حرارت میں اسلام آباد 4 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 11، کراچی 17، پشاور اور مظفر آباد 5، کوئٹہ 2 جبکہ گلگت اور مری میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ کیا گیا۔
بعدازاں رواں ماہ میں موسم اور بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بارشوں کے ایک یا دو اسپیل آسکتے ہیں، فوگ یا اسموگ میں کمی نہیں آئے گی۔
اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے دسمبر میں معمول سے کم بارشیں ہو رہی ہیں، صبح کے درجہ حرارت میں کولڈ ونڈ کی وجہ سے کمی ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔
ملک میں خشک سردی کی وجہ سے نزلہ زکام اور دیگر امراض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
