Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ملک بھر میں موسم خشک رہے گا یا بارش ہوگی؟ اہم پیشگوئی

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں موسم سرد مطلع جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ تیز ہوائیں اور بوندا باندی بھی ہو سکتی ہے، تاہم خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

اس کے علاوہ پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں دھند / اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور سرد مری، گلیات اور گردو نواح میں جزوی ابرآلود رہے گا جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان اور صوابی میں تیز ہوائیں اور بوندا باندی ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح اور رات کے اوقات میں نارووال، سیالکوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خانیوال، ملتان بہاولپور، خان پور، رحیم یار خان، ڈیرہ غازی خان اور گردو نواح میں دھند / اسموگ چھائے رہنے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا اور شمالی علاقوں میں بھی موسم شدید سرد رہا۔

دوسری جانب رواں ماہ میں موسم اور بارشوں کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ دسمبر میں بارشوں کے ایک یا دو اسپیل آسکتے ہیں، فوگ یا اسموگ میں کمی نہیں آئے گی۔

اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کچھ عرصے سے دسمبر میں معمول سے کم بارشیں ہو رہی ہیں، صبح کے درجہ حرارت میں کولڈ ونڈ کی وجہ سے کمی ہو رہی ہے، آنے والے دنوں میں درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔

ملک میں خشک سردی کی وجہ سے نزلہ زکام اور دیگر امراض میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

Exit mobile version