Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

گزشتہ رات کراچی کی سرد ترین رات ریکارڈ

کراچی میں موسم سرما آہستہ آہستہ اپنے عروج پر جا رہا ہے اور شہر میں گزشتہ رات رواں موسم سرما کی سرد ترین رات رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سردی کی شدت میں اضافہ ہورہا ہے تاہم آج دن میں موسم خشک اور درجہ حرارت معمول سے کم ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر کا آج کم سے کم درجہ حرارت 11.3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ریکارڈ کیا گیا جبکہ اس وقت 20 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے شمال مشرقی ہوا چل رہی ہے، البتہ بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

دوسری جانب ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، اسلام آباد، پشاور، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے رواں ماہ سردی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ظاہر کیا تھا اور بتایا تھا کہ ملک بھر میں 15 دسمبر سے سرد ہوائیں پاکستان کا رخ کریں گی جس کے باعث کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدت میں اضافہ اور درجہ حرارت گرنے کا امکان ہے۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ شہر میں 10 روز کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 12 سے 14 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ اس دوران شہر میں شمال مشرق سے چلنے والی ہوا کے باعث شہر کا فضائی معیار متاثر رہے گا تاہم آئندہ 10 دنوں میں شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار اویس حیدر کے مطابق کراچی میں دن کے اوقات میں ہوا میں نمی 50 سے 60 فیصد تک رہے گی۔

Exit mobile version