سردی کی شدت مزید کتنا اضافہ ہوگا اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے بڑی پیشگوئی کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں سردی مزید بڑھ گئی ہے جبکہ بعض علاقوں میں دھند کا راج برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ کے پہاڑوں، زیارت اور قلات میں برفباری سے موسم مزید سرد ہو گیا ہے جبکہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آج پھر بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
نوشکی، چاغی، تربت، گوادر اور کیچ سمیت پنجگور میں بھی بارش کے امکانات ہیں جبکہ کوئٹہ، قلات، چمن، زیارت، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی اور کان مہتر زئی میں بارش کے ساتھ پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ قلات میں پارا منفی دو اور کوئٹہ میں منفی ایک ڈگری تک گر گیا جبکہ لاہور سمیت پنجاب میں شدید سردی کے ساتھ دھند کا راج بھی برقرار ہے۔
پشاور میں بھی دھند کی لہر بدستور برقرار رہنے کا امکان ہے جس کی وجہ سے سردی کی شدت مزید بڑھے گی۔
