محکمہ موسمیات نے بارش اور برفباری سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کا سلسلہ آئندہ تین روز تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے مطابق برف باری سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا، سیاحوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے ٹورازم پولیس کے نوجوان تعینات کیے گئے ہیں۔
سیاح برف باری والے مقامات پر جانے سے قبل احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سیاحتی مقامات پر موجودہ صورتحال سے آگاہ رہنے کے لیے سیاح ٹورازم ہلپ لائن 1422 پر رابطہ کر سکتے ہیں جو کہ 24 گھنٹے فعال ہے۔
ترجمان کے مطابق برف باری والے مقامات پر جانے والے سیاح گاڑیوں میں چین کا استعمال کریں، دوران سفر پہاڑی علاقوں میں ڈرائیونگ کے دوران احتیاطی تدابیر لازمی اختیار کریں۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابرآلود جبکہ بالائی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہے گا۔
تاہم اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور شمالی بلو چستان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند چھائی رہے گی۔
