محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو بارشوں کے خطرناک اسپیل سے متعلق خبردار کردیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا، جبکہ 9 مارچ کو ایک دوسرا مغربی سلسلہ بلوچستان کے راستے پاکستان میں داخل ہوگا۔
9 مارچ والا مغربی سسٹم کراچی سمیت دیہی سندھ تک بھی پھیل سکتا ہے، جس کے باعث 9 سے 12 مارچ تک کراچی میں بارشوں کا امکان ہے۔
مغربی ہواؤں کے حالیہ سسٹم کے اثرات سے کراچی میں ہواؤں کی رفتار تیز ہوگی، تندوتیز ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے جبکہ دن کے بیشتر اوقات میں ہواؤں کی رفتار 40 کلومیٹر تک پہنچ سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موجودہ سردی کی لہر کل تک برقرار رہ سکتی ہے، آج علی الصبح کم سے کم درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
