محکمہ موسمیات نے ملک میں بارشوں کے سلسلے سے متعلق اہم پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حالیہ سلسلے کے باعث بلوچستان میں خصوصاً کیچ، قلات، خضدار، اواران کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے۔
خیبرپختونخواہ میں 21 اپریل تک دیر مالاکنڈ، سوابی، کوہستان، مردان، شانگلہ، چارسدہ، سوات، نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے، 25 تا 29 اپریل کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات پر مزید بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق کاشتکار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔
سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔
